یوکرین میں رنگا رنگ شاندار بین الاقوامی ثقافتی میلہ منعقد کیا گیا جس میں مختلف ممالک سمیت پاکستانی ثقافت کی بھی نمائش کی گئی۔
ثقافتی میلے میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے مختلف اسٹالز لگائے گئے جن میں مہندی، رنگا رنگ پاکستانی روایتی ملبوسات اور نقش و نگاری سے سجے گلدان وغیرہ بھی شامل تھے۔
رنگا رنگ پاکستانی ملبوسات زیب تن کئے اور ساتھ ہی پاکستانی گانے ‘ماہیا’پر رقص کرتے ہوئے پاکستانی ثقافت کو ٹارس شیوچینکو کے طلباء نے پیش کیا۔
طلباء نے اسٹالز کی چیزوں کی بھی خوب تشہیر کی اور میلے میں شریک خواتین کے ہاتھوں پر مہندی بھی لگائی۔
یوکرین میں پاکستانی سفارت کار اظہر عباس کا کہنا تھا کہ یہ ثقافتی میلہ پاکستان کی فن و ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کو سراہا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔
پاکستانی میڈیا چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ثقافتی میلہ میں پاکستانی پرفارمنس کی آرکیٹیکٹ سیما اطہر نے بتایا کہ وہ گزشتہ ماہ سے ہی طلباء کو میلہ میں ‘ماہیا’ گانے پر شاندار پرفارمنس دینے کی تیاری کروا رہی تھیں اور آج ان کی محنت رنگ لے آئی کیونکہ تمام ناظرین نے طلباء کی محنت کو خوب سراہا اور روایتی رقص سے کافی لطف اندوز ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میلے کے اختتام تک کئی برطانوی خواتین نے مہندی کے مختلف ڈیزائن اپنے ہاتھوں پر لگوائے اور خوب تعریف کی ۔
یوکرین کمیونیٹی کی جانب سے ہر سال 29 مما لک کے لوگ اس ثقافتی میلہ میں حصلہ لیتے ہیں اور اپنی فن و ثقافت کو نمایاں اور ایک دوسرے کی ثقافت سے خود کو آشنا کرتے ہیں ۔
یوکرین کمیونیٹی کے مطابق اس پروجیکٹ کا مقصد پوری دنیا میں امن، استحکام اور باہمی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔