جمعہ , ستمبر 21 2018
Home / خیبر پختونخوا / ہارون بلور شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

ہارون بلور شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

یکہ توت دھماکے میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور پی کے 78 سے اے این پی کے امیدوار ہارون بشیر بلور کی نماز جنازہ وزیرباغ میں ادا کر دی گئی جس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہارون بلور کا جنازہ سخت سیکیورٹی حصار میں وزیرباغ لے جایا گیا جہاں گلی کوچوں میں جابجا سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

علاوہ ازیں جنازے کے راستے میں دونوں اطراف اونچی عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے تھے جو جنازے  اور اس کے ساتھ گزرنے والے لوگوں پر نظر رکھے ہوئے تھے۔

نماز جنازہ میں اے این پی کےشاہی سید، امیر حیدر خان ہوتی، ایمل ولی، اور الیاس بلور سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان اور سید ظاہر علی شاہ کے علاوہ  دیگر سیاسی جماعتوں کے مقامی قائدین و رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

قبل ازیں عیسی خیل کی مسجد رحمٰن میں دھماکہ میں شہید ہونے والے دس افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں لوگوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی ایک کارنر میٹنگ پر خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ہارون بلور سمیت 21 افراد شہید جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوئے۔

تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

واقعہ کے بعد شہر کی فضاء سوگوار جبکہ کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر معطل ہیں جبکہ اے این پی کی طرف سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

اے این پی کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

پی ٹی آئی مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں ایک دن کیلئے اپنی انتخابی سرگرمیاں معطل کر دیں۔

خودکش حملے کیخلاف مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں۔

دوسری جانب دھماکے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے جو سات روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

آئی جی خیبرپختونخوا محمد طاہر کے ترجمان کے مطابق ٹیم میں سات افسران شامل ہیں جن کی سربراہی آئی جی سی ٹی ڈی کر رہے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد شہر کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیے جا رہے ہیں۔

Check Also

سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے ساتھی کے طور پر شراکت کی دعوت دی ہے۔ فواد چوہدری

پاک چین اقتصادی راہداری میں سعودی عرب بھی سرمایہ کاری کرے گا جس کیلئے پاکستان …

Pin It on Pinterest

Shares
Share This