ہفتہ , جولائی 21 2018
Home / خیبر پختونخوا / رمضان کی آمد کے ساتھ ہی بجلی غائب، ملک کے بیشتر علاقوں میں بریک ڈاؤن

رمضان کی آمد کے ساتھ ہی بجلی غائب، ملک کے بیشتر علاقوں میں بریک ڈاؤن

رمضان المبارک سے اک ہی روز قبل بجلی فراہم کرنے والے سپلائی سسٹم میں فنی خرابی کے باعث   پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں بجلی کی فراہمی بند اور اکثر علاقوں میں پہلی سحری لوڈشیڈنگ کی نذر ہوئی۔

وزارت توانائی کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کے بجلی سپلائی کرنے والے ترسیلی نظام میں فنی خرابی پیدا ہونے اور بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے لاہور، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا اور وہاڑی سمیت پنجاب کے متعدد شہروں کے علاوہ خیبرپختونخوا کے اکثر شہروں میں بجلی بند ہو گئی۔

دوسری جانب این ٹی ڈی سی نے بریک ڈاؤن کی وجہ بجلی کی کم پیداوار بتائی ہے۔

ٹرانسمیشن سسٹم ٹرپ کرنے سے تربیلا، منگلا اور غازی بروتھا کی سپلائی لائنز بھی ٹرپ کر گئیں جب کہ سندھ اور بلوچستان کو ٹرانسمیشن نظام میں لگائے گئے پروٹیکشن سسٹم کی بدولت  مکمل بریک ڈاؤن کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فنی خرابی کے باعث گدو، مظفر گڑھ، ملتان اور خیبرپختونخوا کے پاور پلانٹس متاثر ہوئے تاہم تربیلا، منگلا اور غازی بروتھا پاور پلانٹس سے بجلی کی سپلائی بحال جبکہ مظفر گڑھ گدو پاور پلانٹس کے کچھ پاور ہاؤسز سے بھی بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی۔

ترجمان کے مطابق بجلی جلد بحال کردی جائے گی جبکہ فنی خرابی کیوں پیدا ہوئی اس کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن وسیم مختار کی سربراہی میں 4 رکنی انکوائری ٹیم بنا دی گئی ہے جو تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ وفاقی وزیر اویس لغاری کو پیش کرے گی۔

تبصرہ کریں

Check Also

خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں …

Pin It on Pinterest

Shares
Share This