پیر , جولائی 16 2018
Home / خیبر پختونخوا / امام الحق نے آئرلینڈ کا خواب چکنا چور کر دیا

امام الحق نے آئرلینڈ کا خواب چکنا چور کر دیا

اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں بابراعظم ایسے سینئر بلے باز کے ہمراہ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے امام الحق نے تاریخ کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی آئرلینڈ کی ٹیم کا فاتح کے طور پر ٹیسٹ کا آغاز کرنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

ڈبلن میں کھیلے گئے واحد مگر تاریخی ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے آئرلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میچ کے پانچویں دن آئرلینڈ نے 319 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو 118 رنز کے ساتھ کریز پر موجود کیون اوبرائن اپنے سکور میں اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد عباس نے 339 کے مجموعی سکور پر پوری ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 جبکہ محمد عامر نے 3 وکٹیں لیں۔

پہلی اننگز کی برتری کی بدولت 160 جیسے معمولی ہدف کے تعاقب میں بھی پاکستان کا آغاز تباہ کن ثابت ہوا اور 14 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے بازوں اظہر علی اور اسد شفیق کے ساتھ ساتھ حارث سہیل بھی پویلین لوٹ گئے تھے۔

184490_113942_updates

 اس موقع پر اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے امام الحق اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کی فتح کی راہ ہموار کرتے ہوئے آئرلینڈ کی پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کا خواب چکنا چور کر دیا۔

140 کے مجموعی سکور پر بابراعظم 59 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے باعث آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے لیکن دوسرے اینڈ سے امام الحق ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے تک ڈٹے رہے۔

نوجوان بلے باز نے 114 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز 339 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم  130 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

184491_6694481_updates

میڈیا کے ساتھ گفتگو میں میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ جب تین وکٹیں گر گئیں تو ہماری تشویش بڑھ رہی تھی اور ہم انجانے خوف میں مبتلا تھے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ آئرلینڈ کو ہرانے کے بعد اب ہماری نظریں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ پر ہیں اور پاکستان ٹیم اس چیلنج پر پورا اترنے کے لئے تیار ہے۔

خیال رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں فتح بطور کپتان سرفراز احمد کی بھی پہلی کامیابی ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے بیٹسمین امام الحق کے علاوہ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بھی ٹیسٹ ڈیبیو کیا جبکہ آئرلینڈ کی پوری ٹیم ہی پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیل رہی تھی۔

184473_085905_updates

یاد رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد اب پاکستان 24 مئی سے انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گا جبکہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز 12 اور 13 جون کو کھیلے جائیں گے۔

تبصرہ کریں

Check Also

فرانس فٹبال کی دنیا کا سلطان بن گیا، فائنل میں کروشیا کو شکست

فٹ بال ورلڈکپ 2018 کے فائنل میں فرانس نے کروشیا کو 2-4 سے شکست دے …

Pin It on Pinterest

Shares
Share This