جمعرات , مئی 24 2018
Home / بلوچستان / گرفتار ملزم زینب سمیت آٹھ بچیوں کا قاتل ہے، ڈی این اے رپورٹ

گرفتار ملزم زینب سمیت آٹھ بچیوں کا قاتل ہے، ڈی این اے رپورٹ

زینب قتل کیس میں گرفتار مبینہ ملزم عمران علی کے ڈی این اے ٹیسٹ سے ثابت ہو گیا کہ وہی زینت سمیت 8 بچیوں کے قتل میں ملوث ہے۔

جیو نیوز کے مطابق ملزم عمران علی کو اسپیشل برانچ کی مدد سے گرفتار کیا گیا جسے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم عمران علی کو لاہور پہنچا دیا گیا جہاں زینب کے والد اور چچا بھی پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم عمران کو پہلے بھی حراست میں لیا تھا لیکن بچی کے رشتے داروں کے کہنے پر اسے چھوڑ دیا گیا تھا، تاہم اب ڈی این اے میچ ہوجانے کے بعد پولیس نے ملزم کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم مقتول بچی کا دور کا رشتے دار اور زینب کے گھر کے قریب کورٹ روڈ کا رہائشی ہے جب کہ ملزم غیر شادی شدہ اور اس کی عمر 24 سال ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتول بچی اور ملزم کے گھر والوں کے ایک دوسرے سے اچھے تعلقات اور ایک دوسرے کے گھر آنا جانا تھا جبکہ ملزم بچی کو اکثر باہر لے جایا کرتا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا تھا کہ زینب کے قتل کے بعد قصور میں ہونے والے ہنگاموں کے دوران ملزم پہلے پاک پتن فرار ہوا اور پھر وہاں سے عارف والا چلا گیا تھا جبکہ اس نے اپنی داڑھی بھی منڈھوا لی تھی۔

ذرائع کے مطابق ملزم کو دوسرے شہر سے گرفتار کرکے لایا گیا، اس کا دوبارہ ڈی این اے کرایا گیا اور اس بار ڈی این اے میچ کرگیا، جس کی رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم عمران علی کے اہل خانہ کو بھی حراست میں لے کر انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزم کے ڈی این اے کے بعد اسے پولی گرافی ٹیسٹ کے لیے فرانزک لیب بھیجا گیا جہاں اس کا پولی گرافی ٹیسٹ بھی مثبت آیا اور ملزم کا جھوٹ پکڑا گیا۔

پنجاب حکومت کے ترجمان نے عمران نامی شخص کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قومی امکان ہے زینب کے قتل میں یہی شخص ملوث ہے۔

178846_1647392_updates

ترجمان کے مطابق پاک پتن کے قریب سے گرفتار کیا گیا ملزم اپنا حلیہ تبدیل کرتا رہا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے مزید بتایا کہ ملزم کی شناخت کے لیے کم از کم 600 افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا، ملزم کے ڈی این اے کی تفصیلی رپورٹ کے لیے فرانزک لیب نے کچھ گھنٹے مانگے ہیں، 6 بجے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

زینب قتل کیس کے ملزم کی گرفتاری کی اطلاعات پر زینب کے والد محمد امین کا کہنا تھا کہ اب تک کی تحقیقات سے وہ مطمئن ہیں اور ملزم کی تصدیق کے بعد ہی کوئی موقف دے سکیں گے۔

زینب کے اہل خانہ نے مجرم کو سرعام پھانسی کی سزا دینے اور عبرت کا نشان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب کے ضلع قصور سے اغوا کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

زینب کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے اور اس دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

بعدازاں چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔

21 جنوری کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہونے والی ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے زینب قتل کیس میں پولیس تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات کے لیے تفتیشی اداروں کو 72 گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔

دوسری جانب تحقیقات کے سلسلے میں قصور میں 100 سے زائد افراد کے ڈی این اے بھی لیے جاچکے ہیں۔

تبصرہ کریں

Check Also

پانچ سو تک جرگوں میں شرکت ونمائندگی کرنیوالی قبائلی خاتون

ناہید جہانگیر آج ہم اپ کو ایسی قبائلی خاتون کی تعارف کرانا چاہتے ہیں جنہوں …

Pin It on Pinterest

Shares
Share This