منگل , اپریل 24 2018
Home / بلوچستان / ایبٹ آباد میں 6 گرجاگھروں کی بندش، عمران خان اور وزارت داخلہ نے جواب طلب کرلیا

ایبٹ آباد میں 6 گرجاگھروں کی بندش، عمران خان اور وزارت داخلہ نے جواب طلب کرلیا

خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں ضلعی پولیس کی جانب سے بند کئے گئے 6 گِرجاگھروں سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزارت داخلہ نے صوبائی حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔ ۔

واضح رہے کہ ایبٹ آباد میں جنوری 2018 کے پہلے ہفتے میں ضلعی پولیس کی جانب سے 6 ایسے گِرجا گھروں کو بند کردیا گیا تھا جو کرائے کی عمارتوں میں قائم کئے گئے تھے تاہم اب انہیں کھولنے کےلئے ضلعی انتظامیہ نے مقامی مسیحی برادری سے محکمہ داخلہ کا اجازت نامہ طلب کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے کوآرڈنیٹر برائے اقلیتی امور روی کمار نے بتایا کہ وزارت داخلہ اور چیئرمین تحریک انصاف نے اس حوالے سے اب جواب طلب کرلیا ہے تاہم صوبائی حکومت ان گِرجاگھروں کو کھولنے کےلئے پیر کے روز بیٹھک کرے گی۔

روی کمار نے بتایا کہ پیر کے روز محکمہ داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والی مسیحی برادری کے رہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا ہے جبکہ کمشنر ہزارہ ڈویژن بھی اجلاس میں موجود ہوں گے، ان کی موجودگی میں تمام گِرجا گھروں کو کھولنے کا اجازت نامہ جاری کردیا جائے گا جس کے بدلے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ ان گِرجا گھروں کو سکیورٹی فراہم کریں۔

اقلیتی برادری ہزارہ ڈویژن کے صدر نوروز پیٹر کے مطابق مسیحی برادری کے مختلف مسالک ہونے کے باعث مذکورہ 6 نئے گِرجاگھر کھولے گئے تھے تاہم رجسٹریشن کا نظام وضع نہ ہونے کے باعث ان کا اندراج حکومت کے پاس نہیں ہوسکا تھا، اگر حکومت رجسٹریشن کا آسان نظام وضع کرے تو ضرور گِرجا گھروں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت سے گِرجا گھروں کی بندش سے متعلق رپورٹ دو روز میں طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مکمل آزادی حاصل ہے اور پاکستان تحریک انصاف اقلیتوں کی مکمل آزادی پر یقین رکھتی ہے، صوبائی حکومت کے ایسے اقدامات سے منفی تاثر دنیا بھر میں جائے گا ایسا کرنے سے متعلق محرکات اور وجوہات سے دو روز کے اندر آگاہ کیا جائے۔

تبصرہ کریں

Check Also

نوجوان کی خود کشی کی کوشش، اسپتال منتقل

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سیدو شریف کے علاقہ مرغزار میں نوجوان نے خود پر فائرنگ کرکے اقدام خود کشی کر لیا۔ سلیمان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر پستول سے خود پر فائرنگ کی جس کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لئے سیدو شریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

Pin It on Pinterest

Shares
Share This