منگل , جنوری 23 2018
Home / بلوچستان / قبائلی علاقوں میں پائیدار ترقی کے لئے براڈ بینڈ کی فراہمی کا معاہدہ

قبائلی علاقوں میں پائیدار ترقی کے لئے براڈ بینڈ کی فراہمی کا معاہدہ

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کو ملک بھر بالخصوص دور افتادہ علاقوں میں بااعتماد اور سستے براڈ بینڈ رابطے کی سہولت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک کے تمام حصوں میں سستے نرخوں پر براڈ بینڈ کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں عام آدمی کو ڈیجیٹل سہولیات میسر آسکیں۔

PM-Islamabad

انہوں نے یہ بات جمعہ کو اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا)، خبیر، مہمند ایجنسی اور ڈی آئی خان میں پائیدار ترقیاتی منصوبوں کےلئے براڈ بینڈ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے یونیورسل سپورٹ فنڈ (یو ایس ایف) کی معاونت سے ملک کے قبائلی علاقوں میں براڈ بینڈ کی سہولیات کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں کو ان کی دہلیز پر جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فرق دور کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت کام کرنے والے یو ایس ایف کی جانب سے کم ترقی یافتہ علاقوں میں ٹیلی کام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، تھری جی اور فور جی خدمات کے آغاز کے بعد منصوبے کے تحت 5896دیہات کو براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، نئے معاہدوں سے خیبر، مہمند اور ڈی آئی خان کو ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے یہ خدمات فراہم کی جائیں گی اور 1187دیہات میں 40لاکھ سے زائد افراد کو سہولت ملے گی۔

یاد رہے کہ سال 2016 سے قبائلی علاقہ جات میں انٹرنیٹ، تھری جی اور فور جی کی سروس بند ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق فاٹا میں پہلی مرتبہ سال 2005 میں موبائل اور انٹرنیٹ سہولت فراہم کی گئی تھی تاہم انٹرنیٹ سروس وقت بہ وقت بند کیا جاتا رہا لیکن سال 2008 کے بعد بدامنی کے باعث یہ سروس ایک لمبے عرصے کےلئے بند ہوگئی تھی۔

سال 2014 کے دوران قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ، تھری جی اور فور جی سروس بحال کردی گئی تاہم بعد ازاں یہ سروس ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا کہ یونیورسل سپورٹ فنڈ 226 کمپیوٹرز لیب کے ذریعے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں طالبات کو آئی سی ٹی کی تربیت فراہم کررہا ہے۔ مائیکرو سافٹ 202اساتذہ کو بھی تربیت دے گا جن کے ذریعے 17ہزار سے زائد لڑکیوں کو تربیت دی جائے گی۔

تبصرہ کریں

Check Also

زینب کا قاتل گرفتار، پولیس کا دعویٰ

لاہور پولیس نے زینب قتل کیس کے اہم ملزم عمران کی گرفتاری کا دعویٰ کیا …