پیر , جون 18 2018
Home / خیبر پختونخوا / ‘فاٹا کے انضمام کا فیصلہ ریفرنڈم کے ذریعے کیا جائے’

‘فاٹا کے انضمام کا فیصلہ ریفرنڈم کے ذریعے کیا جائے’

سربراہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا فیصلہ وہاں کے عوام کے ریفرنڈم کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ’فاٹا کے عوام اگر باغی ہیں تو آپ ان سے ایک لاکھ افراد ملیشیا اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کیوں لیتے ہیں؟‘۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کو ایک شفاف وفاق میں تبدیل کیا جائے جس میں تمام قومیں اپنے اپنے علاقوں میں ہوں تو پاکستان ایک بہترین ملک بن جائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’موجودہ آئین میں اعتراضات کی گنجائش ہے، تاہم آئین میں ہر ادارے کی حدود کی تعریف کی گئی ہے جس میں رہتے ہوئے فوج سمیت تمام ریاستی اداروں کو کام کرنا چاہیے۔‘

سربراہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا کہ ’پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ ہونا چاہیے جہاں ملک کی داخلی اور خارجی پالیسیز بننی چاہیئیں، جبکہ ملک میں بسنے والی مختلف قومیتوں کے وسائل پر ان کے بچوں کو پہلا حق دیا جائے تو پاکستان بہترین ملک بن جائے گا۔‘

سی پیک کے حوالے سے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ’آپ ملک میں سی پیک بنا رہے ہیں لیکن ہر طرف تنازعات نظر آرہے ہیں، اس طرح یہ کام نہیں چلے گا۔‘

انہوں نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں ملک میں امن و استحکام کے لیے افغانستان کو اس بات کی یقین دہانی کرانی ہوگی کہ وہ ایک آزاد اور خود مختار ریاست ہے، اس عمل سے یہاں امن آ جائے گا اور افغانستان ہمارا سب سے بہترین دوست بن جائے گا۔‘

تبصرہ کریں

Check Also

ہنگو میں پٹرول میں آگ لگنے سے متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر

The post ہنگو میں پٹرول میں آگ لگنے سے متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر appeared …

Pin It on Pinterest

Shares
Share This